
پاکستانی اداکارہ میراکوکینیڈا میں داخلے کی اجازت نہ ملنےکیوجہ سےواپس امریکا روانہ ہونا پڑا، جبکہ انکا کینیڈا میں شیڈول شو بھی منسوخ ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ امریکا سے کینیڈا ایک پروگرام میں شرکت کے لیے جا رہی تھیں، تاہم نیاگرا فال سرحد پر امیگریشن حکام نے انہیں روک کر کئی گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ حکام نے ان کے سفری دستاویزات اور کینیڈا آنے کے مقصد کا جائزہ لینے کے بعد انہیں ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دی۔
اداکارہ میرا، جن کا اصل نام ارتضیٰ ارباب ہے، نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں بتایا کہ انہیں کینیڈا میں پرفارمنس کے دوران ٹیکس ادا نہ کیے جانے کے معاملے پر ملک بدر کیا گیا۔
میرا کے مطابق کسی بھی پروگرام کے منتظمین کی جانب سے ٹیکس کی ادائیگی کے علاوہ فنکار کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے ٹیکس معاملات کو یقینی بنائے۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ وہ اس معاملے پر جلد مزید تفصیلات سامنے لائیں گی۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اداکارہ نے چند ماہ قبل کیلگری میں ضروری اجازت نامے کے بغیر اسٹیج پر پرفارم کیا تھا، جس کے بعد ان کے کینیڈا میں داخلے پر پابندی عائد کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
تازہ واقعے کے نتیجے میں اداکارہ کا کینیڈا میں ہونے والا شو منسوخ ہوگیا، جبکہ انہیں واپس نیویارک جانا پڑا۔ تاحال کینیڈین حکام کی جانب سے اس معاملے پر کوئی تفصیلی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
نوٹ: داخلے پر پابندی اور ملک بدری کی وجوہات سے متعلق تفصیلات فی الحال میڈیا رپورٹس اور اداکارہ کے بیان پر مبنی ہیں۔









