
ہاٹ لائن نیوز : چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا ۔
اجلاس میں کھاد کی گراں فروشی کی روک تھام کیلئے سخت انتظامی اقدامات کا فیصلہ کیاگیا۔
ڈپٹی کمشنرز کو یوریا کھاد کی مقررہ قیمت پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے 24گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی گئی
چیف سیکرٹری نے ضلعی انتظامیہ کو تمام عملہ فیلڈ میں متحرک کرنے کی ہدایت کر دی ۔
چیف سیکرٹری کا کہنا ہے کہ حکومت کھاد پر سبسڈی کسانوں کیلئے دے رہی ہے، ناجائز منافع کمانے کیلئے نہیں ، کھاد کی گرانفروشی کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کی حکومتی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہے،کھاد کی قیمتوں اور دستیابی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا،کھاد کی مصنوعی قلت پیدا کر کے کسی کو کاشتکاروں کا استحصال نہیں کرنے دینگے، کھاد کی گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی میں ملوث ڈیلروں کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
سیکرٹری زراعت نے اجلاس کو کھاد کی قیمتوں، طلب اور رسد بارے بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں ماہ کھاد کی گرانفروشی پر76مقدمات کا اندراج، 36ڈیلروں کو گرفتار کیا گیا، 17ہزار آٹھ سو کھاد کی بوریاں ضبط اور 90لاکھ روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی ، تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔