کراچی میں ای چالان مہم، 3دن میں 10 کروڑ روپے سے زائدکےجرمانے

0
142
کراچی میں ای چالان مہم، 3دن میں 10 کروڑ روپے سے زائدکےجرمانے

کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف شروع کی گئی ای چالان مہم نے محض تین دنوں میں ہی شہریوں کو حیران کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق صرف 48 گھنٹوں کے دوران سندھ پولیس نے مختلف خلاف ورزیوں پر 10 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں نصب اسمارٹ کیمروں کے ذریعے قانون شکنی کرنے والوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے، اور چالان براہِ راست گاڑیوں کے رجسٹرڈ ایڈریس پر ارسال کیے جا رہے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ چالان تیز رفتاری، سیٹ بیلٹ نہ باندھنے، ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے، سگنل توڑنے اور غلط سمت میں گاڑی چلانے پر کیے گئے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ای چالان سسٹم ٹریفک نظم و ضبط بہتر بنانے میں مدد دے سکتا ہے، تاہم حکام کو رفتار کی حد اور دیگر قوانین سے متعلق واضح رہنمائی کے لیے سڑکوں پر سائن بورڈ اور آگاہی مہم بھی شروع کرنی چاہیے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ای چالان سسٹم مرحلہ وار مزید علاقوں میں بھی فعال کیا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک کی نگرانی کو مؤثر بنایا جا سکے۔

کراچی میں ای چالان سسٹم کے نفاذ کے بعد صرف تین دن کے دوران 11 ہزار سے زائد چالان جاری کیے گئے، جن میں ایک ہزار 755 کیسز تیز رفتاری سے متعلق تھے۔

شہریوں نے شکایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑکوں پر کیمرے اور مانیٹرنگ سسٹم تو نصب کر دیے گئے ہیں، لیکن رفتار کی حد یا دیگر خلاف ورزیوں کے حوالے سے سائن بورڈ اور آگاہی بینرز موجود نہیں۔ ان کے مطابق اگر چالان اسی رفتار سے جاری رہے تو عام شہریوں کے لیے جرمانے ادا کرنا مشکل ہو جائے گا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق اوور اسپیڈ مانیٹرنگ سسٹم حسن اسکوائر، سوک سینٹر، شارعِ فیصل، نرسری، بلوچ کالونی، ڈرگ روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، کلفٹن، تین تلوار اور ڈیفنس اتحاد اسٹریٹ سمیت مختلف مقامات پر فعال ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ گزشتہ دنوں ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کی سرکاری گاڑی کا بھی ای چالان ہوا، جو ان کے ڈرائیور کے زیرِ استعمال تھی۔ پولیس کے مطابق 10 ہزار روپے کا چالان سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر کیا گیا۔

ای چالان سسٹم کے آغاز کے پہلے ہی دن، یعنی 28 اکتوبر کو، صرف ابتدائی 6 گھنٹوں میں شہریوں پر ایک کروڑ 25 لاکھ روپے سے زائد کے چالان کیے گئے۔ ٹریفک پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق 6 گھنٹوں میں 2 ہزار 662 چالان کیے گئے، جن میں 419 اوور اسپیڈنگ اور 3 لین لائن کی خلاف ورزی سے متعلق تھے۔

Leave a reply