
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) انتظامیہ اور فرنچائز مالکان کے درمیان اہم اجلاس آج نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، فرنچائز مالکان نے پی ایس ایل مینجمنٹ سے ملاقات کے دوران اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا، جسے پی سی بی نے منظور کر لیا ہے۔
اجلاس میں پی ایس ایل 2026 اور 2027 سے متعلق خدشات، کمرشل معاملات، ایونٹ ونڈو، اور ای وائی ایویلیوایشن رپورٹ پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ علاوہ ازیں، دو سالہ ٹائٹل اسپانسرشپ معاہدے کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
ذرائع کے مطابق، بورڈ نے لیگ کے دسویں ایڈیشن کی تکمیل پر فرنچائزز کے ساتھ نئے معاہدے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ پی ایس ایل میں دو نئی ٹیمیں شامل کرنے کی تیاری بھی کی جا رہی ہے۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے بتایا کہ لیگ کے میچز اب لاہور، کراچی، راولپنڈی اور ملتان کے ساتھ فیصل آباد اور پشاور میں بھی کرائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی ٹیم کے لیے نومبر میں ٹینڈر جاری کیے جائیں گے اور خواہشمند فریق مختلف شہروں کے ناموں میں سے اپنی پسند کا انتخاب کر سکیں گے۔








