
اسلام آباد: وزارتِ خارجہ پاکستان نے بھارتی میڈیا کی اس خبر کی تردید کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستانی پاسپورٹ سے “اسرائیل کے لیے ناقابلِ استعمال” کی شق ختم کر دی گئی ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق، پاکستانی پاسپورٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اس پر واضح طور پر درج ہے کہ یہ پاسپورٹ “اسرائیل کے علاوہ تمام ممالک کے لیے قابلِ استعمال ہے”۔
ڈی جی پاسپورٹس نے بھی تصدیق کی کہ نئی پاسپورٹ بُک لیٹس کی چھپائی شروع ہو چکی ہے، جن میں والد کے ساتھ والدہ کا نام بھی شامل ہوگا، تاہم اسرائیل سے متعلق شق برقرار ہے۔
وزارتِ اطلاعات نے واضح کیا کہ پاکستان کا مؤقف ہمیشہ دو ٹوک اور اصولی رہا ہے—پاکستان نے نہ تو اسرائیل کو تسلیم کیا ہے اور نہ ہی کسی قسم کے فوجی یا سفارتی تعاون پر غور کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی حکام نے بھارتی میڈیا سے غیر ذمہ دارانہ رپورٹس کے بجائے درست معلومات پر مبنی صحافت کرنے کی اپیل کی ہے۔








