اسلام آباد مذاکرات کے بعد سفارتی رابطوں میں تیزی، ایران

0
4
اسلام آباد مذاکرات کے بعد سفارتی رابطوں میں تیزی، ایران

ایران نے تصدیق کی ہے کہ جنگ بندی اور اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، جس میں پاکستان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ حکام کے مطابق مکمل جنگ بندی کے لیے مزید بات چیت متوقع ہے۔
ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ اتوار سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے اور پاکستانی ذرائع کے ذریعے متعدد پیغامات کا تبادلہ کیا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو مسلسل پیغامات موصول ہو رہے ہیں اور اس معاملے پر اس کا مؤقف واضح ہے۔
ترجمان کے مطابق امکان ہے کہ پاکستان کا ایک وفد جلد ایران کا دورہ کرے گا تاکہ مذاکراتی عمل کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مذاکرات کا مقصد مکمل جنگ بندی حاصل کرنا ہوگا۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران خطے میں اپنے مؤقف پر قائم ہے اور آبنائے ہرمز کی سلامتی کو اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے۔ ان کے مطابق ایران اپنے علاقائی کردار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جوہری پروگرام کے حوالے سے بات چیت ممکن ہے، تاہم ایران اپنے حقوق سے دستبردار نہیں ہوگا۔ ترجمان نے ان خبروں کو بھی مسترد کیا کہ ایران جلد ایٹم بم بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور ایسے دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق ملک سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کا خواہاں ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکراتی عمل جاری رکھا جائے گا۔

Leave a reply