
ٹک ٹاک نے پاکستان میں باضابطہ طور پر اپنا ایڈز مینیجر پلیٹ فارم متعارف کرا دیا ہے، جس کے بعد اب مقامی اشتہاری ادارے اور کاروبار کسی بیرونی اکاؤنٹ یا ایجنسی کے بغیر اپنی تشہیری مہمات خود مینیج کر سکیں گے۔
نئی سہولت کی بدولت مارکیٹرز کو مکمل بجٹ کنٹرول، ہدفی سامعین تک بہتر رسائی اور لوکل زبانوں — اردو، پنجابی، پشتو — میں اشتہارات چلانے کے مواقع حاصل ہوں گے۔ ساتھ ہی پاکستانی ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے ادائیگی کا آپشن بھی دستیاب کر دیا گیا ہے، جس سے اشتہارات چلانا پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان اور شفاف ہو گیا ہے۔
اس سے پہلے اشتہاری مہمات کے لیے غیر ملکی اکاؤنٹس استعمال کرنا پڑتے تھے، جس سے نہ صرف لاگت بڑھتی تھی بلکہ کنٹرول بھی محدود ہوتا تھا۔ اب مقامی کاروبار کم بجٹ میں زیادہ وسیع سامعین تک پہنچ سکیں گے۔
ٹک ٹاک نے واضح کیا ہے کہ اشتہاری مواد کی منظوری اور تسلسل کے لیے پلیٹ فارم کی کمیونٹی گائیڈ لائنز اور پالیسیوں پر عمل کرنا ضروری ہوگا۔
ماہرین کے مطابق یہ قدم پاکستان میں چھوٹے کاروباروں، درمیانے درجے کے اداروں اور فری لانسرز کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا اور ملک میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی صنعت کو مزید جدید اور مقابلے کے قابل بنائے گا۔







