پاکستان اور ملائیشیا کا دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

0
84
پاکستان اور ملائیشیا کا دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

کوالالمپور: پاکستان اور ملائیشیا نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے ملائیشیا کے وزیراعظم محمد انور ابراہیم اور پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات کے دوران سامنے آیا۔

مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے خطے میں پائیدار امن کے لیے پاک بھارت تعلقات کی بہتری کو بھی ناگزیر قرار دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کو “دوسرا گھر” قرار دیتے ہوئے پرتپاک استقبال پر ملائیشین حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مثالی تعلقات قائم ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین ہم منصب کی کتاب “اسکرپٹ” کی تعریف کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان فکری رابطے کا اہم ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دے گا۔

پاکستان کی جانب سے 20 کروڑ ڈالر مالیت کے حلال گوشت کی برآمد کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔

دونوں رہنماؤں نے مشترکہ منصوبوں، اقتصادی تعاون اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

قبل ازیں، وزیراعظم شہباز شریف کا ملائیشیا کے وزیراعظم آفس پہنچنے پر سرکاری سطح پر استقبال کیا گیا، جہاں مسلح افواج کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔

Leave a reply