لاہور میں 22 مقدمات میں مطلوب بجلی چور رنگے ہاتھوں گرفتار

لاہور میں بجلی چوری میں ملوث ایک شخص کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، علی حسین نامی شخص بجلی چوری کے 22 مقدمات میں پہلے ہی مطلوب تھا اور اس کے ذمے لیسکو کے تقریباً 48 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔
لیسکو کے جوہر ٹاؤن دفتر نے پولیس اور رینجرز کے تعاون سے کارروائی کرتے ہوئے اسے اُس وقت حراست میں لیا جب وہ ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری کر رہا تھا۔ حکام کے مطابق، اس سے قبل بھی متعدد بار اس کے گھر سے بجلی چوری پکڑی گئی، لیکن ہر بار وہ موقع سے فرار ہو جاتا تھا۔
مزید کارروائی کے لیے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف مہم جاری رہے گی۔









