لاہور میں اسموگ پر قابو پانے کے لیے اتوار کو تمام کمرشل سرگرمیوں پر پابندی کا حکم

0
78

لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے اتوار کے روز لاہور شہر میں تمام تجارتی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کرنے کا حکم دیا ہے۔

یہ حکم جسٹس شاہد کریم نے ماحولیاتی درخواستوں پر سماعت کے دوران جاری کیا۔ سماعت کے موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور موسیٰ رضا نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مارکیٹوں اور ریسٹورینٹس کو رات 10 بجے بند کرنے کے احکامات پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں۔

عدالت نے ہدایت کی کہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کے بجائے ان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، کیونکہ اس اقدام کا مقصد اسموگ میں کمی لانا ہے جو بڑھتی ہوئی آلودگی کے باعث خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔

سماعت کے دوران ممبر ماحولیاتی کمیشن نے نشاندہی کی کہ خیابان فردوسی کے قریب واسا کی کھدائی سے ٹریفک جام رہتی ہے۔ اس پر واسا کے لیگل ایڈوائزر عرفان اکرم نے بتایا کہ شہر میں سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن جاری ہے۔ عدالت نے واسا کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ سماعت پر جاری منصوبوں کی ٹائم لائن عدالت میں پیش کرے۔

عدالت نے شادی ہالوں کے لیے بھی رات 10 بجے تک کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا حکم دیا اور محکمہ ماحولیات کے ڈائریکٹر سطح کے افسر کو ہر سماعت پر عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت دی۔

کیس کی اگلی سماعت 7 نومبر مقرر کی گئی ہے۔

Leave a reply