
جنوبی وزیرستان اپر کے علاقے تریخ کونڑ نالے میں سونے کے ذرات کی موجودگی کی اطلاع کے بعد مقامی افراد بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے اور سونا نکالنے کی کوششیں شروع کر دیں۔
مقامی عمائدین کے مطابق سونے کے ذرات حاصل کرنے کے لیے بعض افراد کی جانب سے مرکری (پارہ) کے استعمال کی بھی اطلاعات ہیں، جس کے باعث تحصیل کانی گرم کے نالے کا پانی آلودہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
علاقہ مکینوں نے ماحولیاتی نقصان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ کے مطابق صورتحال کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور معاملے کی جانچ پڑتال کے ساتھ ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔








