قدرتی حسن نے سب کو مسحور کر دیا، سوات اور ناران 2025 کے مقبول ترین سیاحتی مقامات

0
110
قدرتی حسن نے سب کو مسحور کر دیا، سوات اور ناران 2025 کے مقبول ترین سیاحتی مقامات

خیبر پختونخوا نے سال 2025 میں ایک مرتبہ پھر سیاحت کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔ صوبے کی دلکش وادیاں، قدرتی مناظر اور پُرسکون ماحول نے نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سیاحوں کو بھی اپنی جانب متوجہ کیا۔
محکمہ سیاحت کے مطابق یکم جنوری سے 30 نومبر 2025 تک صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات پر ایک کروڑ بیس لاکھ سے زائد سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی۔ ان میں ایک کروڑ بیس لاکھ 45 ہزار سے زیادہ ملکی سیاح شامل تھے، جبکہ 8 ہزار 362 غیر ملکی سیاحوں نے بھی خیبر پختونخوا کا رخ کیا۔
سیاحوں کی اولین پسند اس سال بھی وادی سوات رہی، جہاں 27 لاکھ 62 ہزار سے زائد مقامی اور 5 ہزار سے زیادہ غیر ملکی سیاح پہنچے۔ اسی طرح ناران کاغان کی حسین وادیوں نے 36 لاکھ سے زائد ملکی سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کیا، جبکہ چند غیر ملکی سیاحوں نے بھی یہاں کا سفر کیا۔
گلیات کے سیاحتی مقامات نے بھی خاصی توجہ حاصل کی، جہاں 29 لاکھ سے زیادہ مقامی اور 278 غیر ملکی سیاح آئے۔ کمراٹ ویلی کی قدرتی خوبصورتی سے 8 لاکھ 73 ہزار سے زائد ملکی اور 229 غیر ملکی سیاح لطف اندوز ہوئے۔
ثقافتی تنوع کے حوالے سے مشہور کالاش ویلی اور گرم چشمہ بھی سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز رہے، جہاں 9 لاکھ سے زائد مقامی اور 2 ہزار سے زیادہ غیر ملکی سیاحوں نے حاضری دی۔
سیاحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ بہتر سڑکوں، رہائشی سہولیات اور سیاحتی مقامات کی بہتری نے خیبر پختونخوا کو ایک پرکشش سیاحتی مرکز بنا دیا ہے۔ اگر یہی رفتار برقرار رہی تو آئندہ برسوں میں صوبے کی سیاحتی آمدنی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

Leave a reply