غلط فیصلے یا غفلت؟ آٹے کی قیمتیں آسمان پر

0
124
غلط فیصلے یا غفلت؟ آٹے کی قیمتیں آسمان پر

بلوچستان میں آٹے کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مختلف علاقوں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2300 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان کے محکمہ خوراک کے پاس مارچ اور اپریل کے مہینوں میں 8 لاکھ بوریاں گندم موجود تھیں، مگر اس کے باوجود نئی گندم کی خریداری نہیں کی گئی۔ نہ صرف یہ، بلکہ اسٹاک میں موجود پرانی گندم بھی کم قیمت پر فروخت کر دی گئی، جس سے محکمے کو اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

بتایا جا رہا ہے کہ خراب ہونے کے خدشے کے پیش نظر کابینہ کی منظوری سے گندم اونے پونے داموں فروخت کی گئی، جس کے بعد سرکاری گودام خالی ہو چکے ہیں۔ محکمے کو اس فیصلے سے تقریباً 6 ارب روپے کا مالی نقصان ہوا۔

صوبے میں اس وقت گندم اور آٹے کی عدم دستیابی کے باعث نہ صرف قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، بلکہ فلور ملز کو بھی گندم کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ شہری حلقوں نے صوبائی حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ بحران پر قابو پایا جا سکے اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Leave a reply