غزہ صورتحال؛ امریکی افسر نے احتجاجا استعفیٰ دے دیا
ہاٹ لائن نیوز : امریکی محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیدار طارق حبش نے غزہ میں اسرائیلی مظالم پر صدر جو بائیڈن کی خاموشی پر احتجاجاً اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق محکمہ تعلیم کے دفتر برائے منصوبہ بندی، تشخیص اور پالیسی کے معاون خصوصی طارق حبش نے سیکرٹری تعلیم میگوئل کارڈونا کو اپنا استعفیٰ پیش کر دیا۔
استعفیٰ دینے والے افسر نے اپنے استعفیٰ میں لکھا ہے کہ جب امریکی صدر اور انتظامیہ معصوم فلسطینیوں کی زندگیوں پر ہونے والے مظالم پر آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں تو میں مزید خاموش نہیں رہ سکتا اور نہ ہی اس عمل کی حمایت کر سکتا ہوں۔
طارق حبش نے مزید لکھا کہ انسانی حقوق کے سرکردہ ماہرین بھی اسرائیلی حکومت کے اقدامات کو فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی کی مہم قرار دے رہے ہیں لیکن امریکی حکومت خاموش ہے۔