ایک ہفتے میں کتنے یونٹ بجلی ریکور کی گئی
اسلام آباد: ( ہاٹ لائن نیوز) حکومت کا بجلی چوری کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ، پاور ڈویژن کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ صرف 7 دن میں ایک ارب یونٹ بجلی ریکور کی گئی ہے جب کہ 490 بجلی چور گرفتار کئے گئے ہیں ۔
سیکریٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال کا اپنے ایکس اکاؤنٹ پر کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کامیابی کے ساتھ جاری ہے، 7 دن میں 1 ارب یونٹ بجلی کی ریکوری کرلی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا ہے کہ 7 ستمبر سے لے کر 14 ستمبر تک بجلی چوروں کیخلاف 4 ہزار 241 مقدمات درج کئے گئے ہیں ، سات دن میں 490 بجلی چور گرفتار ہوئے ہیں ، اور اب تک 95 کروڑ 10 لاکھ روپے کی ریکوری کی جا چکی ہے جب کہ آج کے دن کی ریکوری ایک ارب کی حد کو عبور کر لے گی ۔