اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کی خبریں سچی یاجھوٹی، حقیقت آشکارہوگئی
اسلام آباد: (ہاٹ لائن نیوز) پی ٹی آئی کی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ڈیل اور مفاہمت کی من گھڑت خبریں دم توڑ گئیں ۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی اسٹیبلشمنٹ کیساتھ مفاہمت کی خبروں میں کسی قسم کی کوئی صداقت نہیں ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کےساتھ مفاہمت کو 3 حالیہ ڈویلپمنٹس کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، جن میں ایک محمد علی درانی کی تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت اور صدر عارف علوی سے ملاقاتیں، جب کہ دوسری سابق وزیر اعظم عمران خان کی اڈیالہ جیل منتقلی کا فیصلہ اور تیسری پاکستان تحریک انصاف کی خواتین کارکنان کی عارضی رہائی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مفاہمت اور ڈیل کی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں، محمد علی درانی کی ملاقاتیں ان کے ذاتی خود ساختہ اقدامات ہیں ۔
خواتین کارکنوں کی رہائی اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی اڈیالہ جیل منتقلی عدالتی معاملہ ہے، سیاسی جماعت کی جانب سے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ڈیل کا غلط تاثر دینا ، انتخابات سے پہلے اہمیت رکھنے والے سیاسی افراد کو اپنی جانب راغب کرنا بھی ہو سکتا ہے۔
چند حلقوں کی جانب سے یہ بیانیہ بنانے کی بھی کوشش جاری ہے کہ نو مئی کے واقعات میں پاکستان تحریک انصاف کا کوئی قصور نہیں تھا اور سیاسی جماعت کے خاتمے کے لیے یہ واقعہ رونما ہوا تھا ۔
ذرائع کے مطابق 9 مئی واقعات میں ملوث افراد کے اعترافی بیانات ، شرپسندوں کی جانب سے بنائی گئی اپنی ویڈیوز اور سی سی ٹی وی فوٹیجزکی صورت میں تمام حقائق سامنے آ گئے ہیں ۔
جون میں ہونے والی ایک پریس کانفرنس میں ڈی جی آئی ایس پی آر 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے پاک فوج کا مؤقف کھل کربیان کر چکے ہیں کہ اس سانحے کو کسی صورت بھلایا نہیں جا سکتا اور ان واقعات کے منصوبہ سازوں اور اس جرم میں شریک افراد کو معاف نہیں کیا جاسکتا ہے ۔