فحش مواد کے نام پر خطرناک اینڈرائیڈ ایپس، بینک اکاؤنٹس اور نجی معلومات کو خطرہ

فحش مواد کے نام پر خطرناک اینڈرائیڈ ایپس، بینک اکاؤنٹس اور نجی معلومات کو خطرہ

تحریر:

سائبر سیکیورٹی ماہرین نے اینڈرائیڈ صارفین کو خبردار کیا ہے کہ فحش یا ایڈلٹ مواد کے نام پر سوشل میڈیا پر تشہیر کی جانے والی بعض جعلی ایپس موبائل فون کا کنٹرول حاصل کرکے حساس معلومات اور مالی تفصیلات چوری کرسکتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق صارفین کو ان ایپس تک پہنچانے کے لیے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اشتہارات استعمال کیے جا رہے ہیں۔ اشتہار پر کلک کرنے کے بعد صارف کو مشکوک ویب سائٹ پر لے جایا جاتا ہے، جہاں ایپ یا APK فائل ڈاؤن لوڈ کرنے کا کہا جاتا ہے۔

سائبر سیکیورٹی حکام کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں نائٹ پلے، ری لوپ، کیس، ویمو، ریوو، نیکسو اور وکسا سمیت متعدد مشکوک ایپس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان ایپس کے نام یا مختلف ورژنز میں مزید جعلی ایپلی کیشنز بھی سامنے آسکتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق بعض خطرناک ایپس فون میں جعلی یا مشتبہ VPN بھی انسٹال کرسکتی ہیں، جس کے نتیجے میں ڈیوائس سے گزرنے والا انٹرنیٹ ٹریفک حملہ آوروں کے زیرِ استعمال سرورز تک پہنچ سکتا ہے۔

خطرے کی ایک اہم شکل Accessibility permissions کا غلط استعمال ہے۔ یہ سہولت بنیادی طور پر خصوصی ضروریات رکھنے والے افراد کی مدد کے لیے بنائی گئی ہے، تاہم نقصان دہ ایپس اس اجازت کے ذریعے فون پر وسیع اختیارات حاصل کرکے بینکنگ ایپس سمیت دیگر حساس معلومات تک رسائی کی کوشش کرسکتی ہیں۔

سائبر ماہرین نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر معروف ویب سائٹس، اشتہارات یا لنکس سے APK فائلیں ڈاؤن لوڈ نہ کریں اور ایپس ہمیشہ معتبر اور سرکاری ایپ اسٹورز سے حاصل کریں۔

اگر کسی صارف کے فون میں کوئی مشکوک ایپ موجود ہو، وہ خود بخود دوبارہ انسٹال ہوجائے یا اسے عام طریقے سے حذف کرنا ممکن نہ ہو تو ماہرین احتیاطی اقدامات کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ اہم ڈیٹا کا بیک اپ لینے کے بعد، ضرورت پڑنے پر فون کو فیکٹری ری سیٹ کیا جاسکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل میں غیر ضروری permissions دینے سے گریز، مشکوک ایپس کی بروقت شناخت اور صرف قابلِ اعتماد ذرائع سے سافٹ ویئر انسٹال کرنا ایسے سائبر حملوں سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

Leave a reply