
تہران: پاکستانی وزیر داخلہ سید محسن نقوی کے دورۂ ایران کے دوران دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان اہم ملاقاتیں ہوئیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سیکیورٹی اور علاقائی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تہران میں ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے سید محسن نقوی سے ملاقات میں پاکستان کو ایران کا اہم اسٹریٹجک شراکت دار قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان کی حکومت، فوج اور عوام کو مسلم دنیا کا اہم اثاثہ سمجھتا ہے۔
محسن رضائی نے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران، پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب، مصر اور انڈونیشیا جیسے بڑے اسلامی ممالک علاقائی یکجہتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
ایرانی عہدیدار کے مطابق صدر مسعود پزشکیان پاکستان کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں نمایاں اضافے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے ایران اور پاکستان کے عوام کے باہمی تعلقات کو بھی مضبوط قرار دیا۔
دورے کے دوران پاکستانی وزیر داخلہ نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات کی۔ ایرانی صدر نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔
صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تاریخی اور ثقافتی روابط موجود ہیں، جنہیں باہمی مفادات اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مزید مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔
بعد ازاں مشہد میں سید محسن نقوی کی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی.
ایران پاکستان کے درمیان یہ اعلیٰ سطحی رابطے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب خطے میں سفارتی سرگرمیاں تیز ہیں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مختلف سطحوں پر کوششیں جاری ہیں۔







