حج 2027: درخواست دینے والوں کے لیے پاسپورٹ سے متعلق اہم شرط سامنے آگئی

0
15
حج 2027: درخواست دینے والوں کے لیے پاسپورٹ سے متعلق اہم شرط سامنے آگئی

اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور نے حج 2027 کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کے لیے پاسپورٹ کی میعاد سے متعلق اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔

وزارت کے مطابق حج درخواست جمع کرانے کے لیے ایسا پاکستانی پاسپورٹ ضروری ہوگا جس کی میعاد 16 نومبر 2027 تک برقرار ہو۔ سرکاری اور نجی حج اسکیموں کے لیے درخواستیں 17 اگست سے وصول کیے جانے کا امکان ہے۔

حکام نے ان افراد کو بروقت پاسپورٹ کی تجدید کرانے کا مشورہ دیا ہے جن کے سفری دستاویزات مذکورہ تاریخ سے پہلے ختم ہو رہے ہیں۔ مقررہ مدت تک پاسپورٹ مؤثر نہ ہونے کی صورت میں حج درخواست جمع کرانے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔

وزارتِ مذہبی امور کی درخواست پر پاسپورٹ دفاتر کو بھی حج درخواست گزاروں کے لیے ترجیحی بنیادوں پر سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کے مختلف شہروں میں قائم پاسپورٹ دفاتر کے علاوہ بیرونِ ملک پاکستانی مشنز میں موجود پاسپورٹ سہولیات کو بھی اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

وزارت نے شہریوں سے کہا ہے کہ حج درخواست جمع کرانے سے پہلے اپنے پاسپورٹ کی میعاد ضرور چیک کریں۔ اگر پاسپورٹ 16 نومبر 2027 سے پہلے ایکسپائر ہو رہا ہے تو درخواست کے مرحلے سے قبل اس کی تجدید کرانا بہتر ہوگا۔

حکام کے مطابق حج 2027 کی تیاریوں کے حوالے سے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے جاری ہیں اور عازمین کو درخواست سے لے کر حج آپریشن تک ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Leave a reply