
یوٹیوب نے نئے کریئیٹرز کے لیے اپنے مونیٹائزیشن نظام میں بڑی تبدیلی کا اعلان کردیا ہے، جس کے بعد پلیٹ فارم سے اشتہارات اور یوٹیوب پریمیم کے ذریعے آمدنی حاصل کرنا پہلے کے مقابلے میں زیادہ مشکل ہوجائے گا۔
نئے قواعد کے مطابق یکم فروری 2027 سے یوٹیوب پارٹنر پروگرام (YPP) میں شامل ہونے والے نئے درخواست گزاروں کو گزشتہ 365 دنوں کے دوران 8 ہزار اہل واچ آورز مکمل کرنا ہوں گے یا 90 دن میں 2 کروڑ اہل شارٹس ویوز حاصل کرنا ہوں گے۔ اس کے ساتھ چینل پر کم از کم ایک ہزار سبسکرائبرز ہونا بھی ضروری رہے گا۔
موجودہ نظام میں اشتہارات سے آمدنی حاصل کرنے کے لیے 4 ہزار اہل واچ آورز یا ایک کروڑ شارٹس ویوز کا ہدف مقرر تھا، جس کا مطلب ہے کہ نئے امیدواروں کے لیے دونوں بڑے اہداف اب دوگنے کردیے گئے ہیں۔
تاہم وہ کریئیٹرز جو پہلے ہی یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ ہیں، ان پر یہ نئی بنیادی اہلیت لاگو نہیں ہوگی۔
شارٹس سے کمائی کے لیے بھی نئی شرط
یوٹیوب نے شارٹس کے ذریعے آمدنی حاصل کرنے والے کریئیٹرز کے لیے بھی نیا معیار مقرر کیا ہے۔ یکم فروری 2027 سے شارٹس اشتہارات اور سبسکرپشن آمدنی میں حصہ برقرار رکھنے کے لیے چینلز کو ہر 90 دن میں کم از کم ایک کروڑ اہل شارٹس ویوز حاصل کرنا ہوں گے۔
اگر کسی چینل کے ویوز مقررہ حد سے کم ہوجاتے ہیں تو وہ مکمل یوٹیوب پارٹنر پروگرام سے باہر نہیں ہوگا۔ ایسے چینلز اپنی طویل ویڈیوز سے مونیٹائزیشن جاری رکھ سکیں گے، البتہ شارٹس سے حاصل ہونے والی آمدنی عارضی طور پر روک دی جائے گی۔ دوبارہ مقررہ ویوز حاصل کرنے پر شارٹس مونیٹائزیشن بحال ہوسکتی ہے۔
ابتدائی YPP سہولت برقرار
یوٹیوب نے مونیٹائزیشن کے ابتدائی درجے میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں کی۔ اس سطح پر 500 سبسکرائبرز، گزشتہ 90 دنوں میں کم از کم تین عوامی ویڈیوز اور 3 ہزار اہل واچ آورز یا 30 لاکھ شارٹس ویوز مکمل کرنے والے کریئیٹرز فین فنڈنگ اور شاپنگ سمیت بعض سہولیات حاصل کرسکتے ہیں۔
یوٹیوب کریئیٹرز کے لیے آمدنی کے نئے راستے
کمپنی کا کہنا ہے کہ کم شارٹس ویوز رکھنے والے کریئیٹرز کے لیے آمدنی کے متبادل ذرائع بھی بڑھائے جائیں گے۔ ان میں یوٹیوب شاپنگ، برانڈ پارٹنرشپس اور بعض اضافی بونس یا مراعات شامل ہوسکتی ہیں۔
یوٹیوب نے پریمیم لائٹ سروس کو بھی ان ممالک تک توسیع دینے کا اعلان کیا ہے جہاں یوٹیوب پریمیم دستیاب ہے۔ کمپنی کے مطابق پریمیم صارفین سے حاصل ہونے والی آمدنی کا ایک حصہ کریئیٹرز میں تقسیم کیا جائے گا۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ پریمیم صارفین کی جانب سے حاصل ہونے والی آمدنی بعض صورتوں میں اشتہارات پر مبنی ویوز کے مقابلے میں کریئیٹرز کے لیے زیادہ فائدہ مند ہوسکتی ہے۔
نئے کریئیٹرز کے لیے مقابلہ مزید سخت
ماہرین کے مطابق یوٹیوب کی نئی پالیسی سے نئے چینلز کے لیے مونیٹائزیشن تک پہنچنے کا سفر طویل ہوسکتا ہے، خاص طور پر ان کریئیٹرز کے لیے جو شارٹس پر زیادہ انحصار کرتے ہیں۔
دوسری جانب پہلے سے یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شامل کریئیٹرز کو بنیادی اہلیت کے نئے دگنے اہداف سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔ یوں نئی پالیسی کا سب سے نمایاں اثر مستقبل میں YPP کے لیے درخواست دینے والے نئے کریئیٹرز پر پڑے گا۔








