آزاد کشمیر انتخابات: باغ اور حویلی میں بڑے سیاسی اپ سیٹ، پیپلز پارٹی کو برتری

0
1
آزاد کشمیر انتخابات: باغ اور حویلی میں بڑے سیاسی اپ سیٹ، پیپلز پارٹی کو برتری

مظفرآباد: آزاد کشمیر کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں باغ اور حویلی کے مختلف حلقوں سے سامنے آنے والے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج نے کئی اہم سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی پوزیشن تبدیل کر دی ہے۔

ضلع باغ کے حلقہ ایل اے 14 میں بڑا سیاسی اپ سیٹ دیکھنے میں آیا، جہاں مسلم کانفرنس کے سربراہ اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

موصولہ غیر حتمی نتائج کے مطابق عوام دست و بازو پارٹی کے امیدوار ساجد عباسی نے 40 ہزار 702 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، جبکہ سردار عتیق احمد خان 19 ہزار 542 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

یہ نشست سردار عتیق احمد خان کے خاندان کے لیے خاص سیاسی اہمیت رکھتی ہے۔ ان کے والد اور سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان بھی ماضی میں اس حلقے سے متعدد مرتبہ کامیاب ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب حلقہ ایل اے 17 حویلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل راٹھور نے میدان مار لیا۔ حلقے کے تمام 190 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتائج کے مطابق فیصل راٹھور نے 31 ہزار 839 ووٹ حاصل کیے، جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار محسن عزیز 28 ہزار 975 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ ایل اے 15 باغ میں بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار ضیاء القمر کو برتری حاصل ہے۔ 123 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق انہوں نے 17 ہزار 27 ووٹ حاصل کیے، جبکہ مسلم لیگ ن کے مشتاق منہاس 15 ہزار 63 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

حلقہ ایل اے 16 باغ میں بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار قمر زمان آگے ہیں۔ 116 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق سردار قمر زمان نے 12 ہزار 516 ووٹ حاصل کیے، جبکہ مسلم لیگ ن کے سردار میر اکبر 11 ہزار 613 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ تمام نتائج غیر حتمی اور غیر سرکاری ہیں، حتمی انتخابی نتائج متعلقہ انتخابی حکام کی جانب سے جاری کیے جائیں گے۔

Leave a reply