آزاد کشمیر انتخابات: پولنگ ختم، باغ اور حویلی کے چار حلقوں میں گنتی جاری

0
20
آزاد کشمیر انتخابات: پولنگ ختم، باغ اور حویلی کے چار حلقوں میں گنتی جاری

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے آخری مرحلے میں باغ اور حویلی کے چار حلقوں میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔

آج ہونے والے انتخابات میں باغ کے تین جبکہ حویلی کے ایک حلقے میں ووٹرز نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ پولنگ صبح شروع ہوئی اور شام 5 بجے مقررہ وقت پر اختتام پذیر ہوئی۔

ان چار حلقوں میں مجموعی طور پر 72 امیدوار میدان میں ہیں۔ امیدواروں میں آزاد امیدواروں کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی شامل ہیں، جن میں آزاد کشمیر کے موجودہ وزیراعظم فیصل راٹھور اور سابق وزرائے اعظم سردار عتیق احمد خان اور سردار تنویر الیاس نمایاں ہیں۔

حلقہ ایل اے 14 باغ میں 21 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا، جبکہ ایل اے 15 باغ میں 20 امیدوار انتخابی میدان میں موجود تھے۔ ایل اے 16 باغ سے 22 امیدواروں نے قسمت آزمائی کی۔ حویلی کے حلقہ ایل اے 17 میں وزیراعظم آزاد کشمیر سمیت 9 امیدوار مدمقابل تھے۔

انتخابی شیڈول میں تبدیلی کے باعث پونچھ کے پانچ اور سدھنوتی کے دو حلقوں میں انتخابات مؤخر کیے جا چکے ہیں، جس کے نتیجے میں آج صرف چار حلقوں میں پولنگ ہوئی۔

حکام کے مطابق مذکورہ حلقوں میں لاکھوں ووٹرز نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا، جبکہ پولنگ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

پہلے دو مراحل میں مسلم لیگ ن کو برتری

آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر پولنگ ہوئی، جہاں مسلم لیگ ن نے 9 جبکہ پیپلز پارٹی نے 4 نشستیں حاصل کیں۔

دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر انتخابات ہوئے۔ ان نتائج میں مسلم لیگ ن نے 15 جبکہ پیپلز پارٹی نے 6 نشستیں اپنے نام کیں۔

اب تک کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن 24 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی 10 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

آج کے چار حلقوں کے نتائج حکومت سازی کے لیے انتہائی اہم سمجھے جا رہے ہیں۔ گنتی مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے والے نتائج سے آزاد کشمیر میں آئندہ حکومت کی تشکیل کی سیاسی صورتحال مزید واضح ہوجائے گی۔

Leave a reply