پاکستان میں آف شور ڈرلنگ، بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع: علی پرویز ملک

0
13
پاکستان میں آف شور ڈرلنگ، بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع: علی پرویز ملک

لاہور: وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ترکیہ کی سرکاری توانائی کمپنی ترکش پیٹرولیم پاکستان کے سمندری حدود میں آف شور ڈرلنگ کے منصوبے پر کام کرنے جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں ملک میں بڑے پیمانے پر غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہونے کی توقع ہے۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان توانائی کے شعبے میں نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہا ہے۔ ان کے مطابق آف شور ایکسپلوریشن کے نتائج ملک کی معیشت اور توانائی کے مستقبل کے لیے اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے، جبکہ ملک کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو معاشی میدان میں متعدد مشکلات کا سامنا رہا، تاہم مشکل فیصلوں کے ذریعے معیشت کو استحکام دینے کی کوششیں جاری ہیں۔ ان کے بقول آئندہ مرحلے میں حکومت کی توجہ معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ پر مرکوز ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ محدود وسائل کے باوجود حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی برقرار رکھنے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کے بعض ممالک میں ایندھن کی فراہمی پر پابندیاں عائد ہیں، جبکہ پاکستان میں پیٹرول کی قلت پیدا نہیں ہونے دی گئی۔

Leave a reply