175 روپے کی واپسی کے چکر میں خاتون سے تقریباً 2 لاکھ روپے کا آن لائن فراڈ

0
9
175 روپے کی واپسی کے چکر میں خاتون سے تقریباً 2 لاکھ روپے کا آن لائن فراڈ

راجکوٹ: بھارت کی ریاست گجرات میں ایک 63 سالہ ریٹائرڈ خاتون مبینہ طور پر آن لائن فراڈ کا شکار ہوگئیں، جن سے خراب دودھ کی معمولی رقم واپس لینے کے بہانے تقریباً 1 لاکھ 91 ہزار روپے منتقل کروا لیے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون نے ایک فوری گروسری ڈیلیوری سروس سے دودھ کے پانچ پیکٹ منگوائے تھے، تاہم ڈیلیوری کے بعد معلوم ہوا کہ دودھ خراب تھا۔ خاتون نے رقم کی واپسی کے لیے انٹرنیٹ پر متعلقہ کمپنی کا کسٹمر کیئر نمبر تلاش کیا۔

خاتون کے مطابق سرچ کے دوران انہیں ایک فون نمبر ملا جس پر رابطہ کرنے والے شخص نے خود کو کمپنی کا کسٹمر سروس نمائندہ ظاہر کیا۔ اس شخص نے ریفنڈ کے لیے آن لائن ادائیگی کا طریقہ اختیار کرنے کا کہا اور خاتون کو ایک اے پی کے فائل موبائل فون میں انسٹال کرنے کی ہدایت دی۔

شکایت کے مطابق اے پی کے فائل انسٹال ہونے کے بعد جعلساز نے خاتون کو مختلف بینک اکاؤنٹس اور یو پی آئی آئی ڈیز میں رقم منتقل کرنے پر آمادہ کیا۔ یوں چند سو روپے کے ریفنڈ کے معاملے میں خاتون سے مجموعی طور پر تقریباً 1 لاکھ 91 ہزار روپے منتقل کروا لیے گئے۔

رقم منتقل ہونے کے بعد خاتون کو معاملے میں دھوکے کا احساس ہوا، جس پر انہوں نے فوری طور پر سائبر کرائم حکام سے رابطہ کیا۔

راجکوٹ کے سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے فراڈ میں استعمال ہونے والے موبائل نمبرز اور بینک اکاؤنٹس کی چھان بین شروع کردی ہے جبکہ ملزمان کی شناخت اور رقم کی وصولی کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

ماہرین کے مطابق آن لائن کسی کمپنی کا کسٹمر کیئر نمبر تلاش کرتے وقت صرف کمپنی کی سرکاری ویب سائٹ یا تصدیق شدہ ذرائع پر موجود رابطہ نمبر استعمال کرنا چاہیے۔ نامعلوم افراد کی جانب سے بھیجی گئی اے پی کے فائلیں یا غیر معروف ایپلی کیشنز موبائل میں انسٹال کرنے سے بھی گریز کرنا ضروری ہے، کیونکہ اس سے بینکنگ اور ذاتی معلومات خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔

پولیس کے مطابق کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری یا رقم کی واپسی سے متعلق حتمی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

Leave a reply