
کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے کھلاڑیوں کے لیے نئی پالیسی متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت غیر ملکی ٹی ٹوئنٹی لیگز کے مقابلے میں آسٹریلیا کی مقامی لیگ بگ بیش لیگ (BBL) کو ترجیح دی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان میچل مارش اور آل راؤنڈر میٹ شارٹ نے جنوبی افریقہ کی ایس اے ٹی 20 لیگ کے لیے معاہدے کیے ہیں۔ تاہم کرکٹ آسٹریلیا نے واضح کیا ہے کہ دونوں کھلاڑی پہلے بگ بیش لیگ میں اپنی مکمل ذمہ داریاں نبھائیں گے، جس کے بعد ہی انہیں ایس اے ٹی 20 میں شرکت کے لیے ریلیز کیا جائے گا۔
بورڈ کے مطابق میچل مارش اور میٹ شارٹ بگ بیش لیگ کے پورے سیزن کے لیے اپنی متعلقہ فرنچائزز کو دستیاب رہیں گے، جبکہ جنوبی افریقہ کی لیگ میں ان کی شمولیت بی بی ایل کے شیڈول کے مطابق ہوگی۔
یہ دونوں کھلاڑی پہلی بار ایس اے ٹی 20 لیگ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ واضح رہے کہ ایس اے ٹی 20 کا آغاز 17 جنوری سے ہوگا، جبکہ بگ بیش لیگ 12 دسمبر سے 26 جنوری تک جاری رہے گی۔









