کیا آپ کی اے آئی چیٹ بھی محفوظ ہے؟ کلاڈ صارفین کے لیے خطرے کی گھنٹی

0
6
کیا آپ کی اے آئی چیٹ بھی محفوظ ہے؟ کلاڈ صارفین کے لیے خطرے کی گھنٹی

مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ کلاڈ (Claude) کے بعض صارفین کی شیئر کی گئی گفتگو کچھ عرصے کے لیے سرچ انجنز کے ذریعے قابلِ رسائی رہی، جس کے باعث متعدد چیٹس عوامی طور پر دیکھی جا سکیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ معاملہ ان چیٹس سے متعلق تھا جنہیں صارفین نے خود شیئر لنک کے ذریعے دوسروں کے ساتھ شیئر کیا تھا۔ بعد ازاں ان لنکس کو سرچ انجنز نے انڈیکس کر لیا، جس کی وجہ سے مخصوص تلاش کے ذریعے وہ نتائج میں ظاہر ہونے لگے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ ان چیٹس میں مختلف نوعیت کا مواد موجود تھا، جن میں ذاتی سوالات، پیشہ ورانہ گفتگو، تحقیقی معلومات اور بعض صارفین کی جانب سے فراہم کردہ ریزیومے یا ملازمت سے متعلق تفصیلات بھی شامل تھیں۔
کلاڈ تیار کرنے والی کمپنی اینتھروپک (Anthropic) کا کہنا ہے کہ صارفین اپنی گفتگو کو خود شیئر کرنے کا اختیار رکھتے ہیں، اور شیئر کیے گئے لنکس عوامی ویب مواد کا حصہ بن سکتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق جب کوئی صارف کسی چیٹ کو عوامی لنک کے ذریعے شیئر کرتا ہے تو تیسرے فریق کی جانب سے اسے محفوظ یا انڈیکس کیا جانا ممکن ہوتا ہے۔
کمپنی نے بعد ازاں ایسے لنکس کو سرچ نتائج سے ہٹانے کے لیے اقدامات کیے۔ گوگل نے بھی واضح کیا کہ کسی ویب صفحے کو سرچ نتائج میں شامل کرنا یا نہ کرنا بنیادی طور پر ویب سائٹ کے مالک کی ہدایات پر منحصر ہوتا ہے، اور سرچ انجن انہی ہدایات پر عمل کرتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹس استعمال کرتے وقت صارفین کو ذاتی، حساس یا کاروباری نوعیت کی معلومات شیئر کرنے سے پہلے احتیاط برتنی چاہیے، خصوصاً اگر گفتگو کو عوامی لنک کے ذریعے شیئر کیا جا رہا ہو۔

Leave a reply