12 اگست کا مکمل سورج گرہن منفرد کیوں ہوگا؟

دنیا بھر کے فلکیات کے شوقین افراد 12 اگست 2026 کو ہونے والے مکمل سورج گرہن کے منتظر ہیں، جسے حالیہ برسوں کے منفرد ترین فلکیاتی واقعات میں شمار کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس گرہن کی خاص بات یہ ہے کہ بعض علاقوں میں مکمل سورج گرہن سورج غروب ہونے کے وقت دکھائی دے گا، جو ایک نہایت نایاب منظر ہے۔ اس دوران افق پر ڈوبتے سورج کے ساتھ گرہن کا نظارہ غیر معمولی اور دلکش ہوگا۔
مکمل سورج گرہن صرف چند علاقوں سے ہی دیکھا جا سکے گا، جن میں گرین لینڈ، آئس لینڈ، شمالی اسپین اور پرتگال کا ایک محدود حصہ شامل ہیں۔ شمالی اسپین میں سورج غروب ہونے کے وقت مکمل گرہن کا مشاہدہ ممکن ہوگا، جس کی وجہ سے یہ مقام فلکیاتی شائقین کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
اس کے علاوہ یورپ اور شمالی افریقا کے متعدد ممالک میں جزوی سورج گرہن نظر آئے گا، جبکہ روس کے مختلف علاقوں میں سورج طلوع اور غروب کے اوقات میں جزوی گرہن دیکھنے کا منفرد موقع ملے گا۔
پاکستان میں یہ گرہن نظر نہیں آئے گا، تاہم فلکیاتی اداروں کے مطابق اس کے مختلف مراحل پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 34 منٹ پر شروع ہوں گے، مکمل مرحلہ رات 12 بج کر 12 منٹ پر ہوگا، جبکہ گرہن کا اختتام رات 2 بج کر 58 منٹ پر ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سورج غروب ہونے کے وقت مکمل گرہن کا منظر کئی برس بعد دیکھنے کو ملتا ہے، اسی لیے 12 اگست 2026 کا یہ فلکیاتی واقعہ غیر معمولی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔









