کامن ویلتھ گیمز سے کرکٹ اچانک غائب! پردے کے پیچھے کیا وجہ سامنے آگئی؟

0
9
کامن ویلتھ گیمز سے کرکٹ اچانک غائب! پردے کے پیچھے کیا وجہ سامنے آگئی؟

کامن ویلتھ گیمز 2026 میں کرکٹ شامل نہیں ہوگی، جس کے باعث دنیا بھر میں اس کھیل کے شائقین کو مایوسی کا سامنا ہے۔ اس بار نہ خواتین کی کرکٹ کھیلی جائے گی اور نہ ہی مردوں کی ٹیمیں ایونٹ میں شرکت کریں گی۔
گلاسگو، اسکاٹ لینڈ میں ہونے والے ان کھیلوں میں کرکٹ کے علاوہ کئی دیگر کھیل بھی شامل نہیں کیے گئے، جن میں ہاکی، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، ریسلنگ اور رگبی سیونز شامل ہیں۔ مجموعی طور پر نو کھیلوں کو موجودہ ایڈیشن سے خارج کیا گیا ہے۔
کامن ویلتھ گیمز میں کرکٹ کی شمولیت کی تاریخ مختصر رہی ہے۔ یہ کھیل پہلی بار 1998 میں ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں شامل کیا گیا تھا، تاہم اس کے بعد طویل عرصے تک کامن ویلتھ گیمز کا حصہ نہیں بن سکا۔ 2022 میں برمنگھم ایڈیشن کے دوران خواتین کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے ذریعے اس کھیل کی دوبارہ واپسی ہوئی تھی، جہاں آسٹریلیا نے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔
2026 کے ایڈیشن میں کرکٹ کو شامل نہ کرنے کی بڑی وجہ مالی اور انتظامی مسائل بتائے جا رہے ہیں۔ اس سے قبل آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ کو میزبانی دی گئی تھی، لیکن بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث وہاں کی حکومت نے میزبانی سے دستبرداری اختیار کرلی۔ بعد ازاں گلاسگو نے محدود وسائل کے ساتھ ایونٹ کی میزبانی کی ذمہ داری سنبھالی۔
کم بجٹ میں مقابلوں کے انعقاد کے لیے کھیلوں کی تعداد کم کردی گئی اور صرف ان کھیلوں کو شامل کیا گیا جن کے لیے پہلے سے موجود سہولیات استعمال کی جاسکیں۔ منتظمین کے مطابق اس فیصلے کا مقصد اخراجات کو قابو میں رکھتے ہوئے ایونٹ کو کامیابی سے منعقد کرنا تھا۔
کرکٹ کے لیے خصوصی میدان، پچز کی تیاری، دیکھ بھال اور بڑی ٹیموں کے انتظامات اضافی اخراجات کا باعث بنتے ہیں، اسی لیے محدود بجٹ کے باعث اسے اس بار شامل نہیں کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق کرکٹ کی عدم موجودگی ان ممالک کے لیے بڑا نقصان ہے جہاں یہ کھیل انتہائی مقبول ہے، تاہم موجودہ مالی صورتحال میں کامن ویلتھ گیمز کو جاری رکھنا بھی منتظمین کے لیے ایک اہم چیلنج تھا۔
شائقین اب امید کر رہے ہیں کہ مستقبل کے کامن ویلتھ گیمز میں کرکٹ دوبارہ شامل کی جائے گی۔

Leave a reply