دھندلی تصویر سے شروع ہونے والی کہانی، 10 سال بعد حیران کن انکشاف

افریقی ملک جمہوریہ کانگو کے لومامی نیشنل پارک کے گھنے جنگلات میں گلابی مائل نارنجی ہونٹوں والے بندر کی ایک نئی نسل دریافت کی گئی ہے، جسے حالیہ سائنسی تحقیق میں منفرد قرار دیا گیا ہے۔
تحقیقی ٹیم کے مطابق اس بندر کا جسم سیاہ رنگ کا ہے جبکہ اس کے نمایاں گلابی نارنجی ہونٹ اسے دیگر اقسام سے مختلف بناتے ہیں۔ اس نسل کی پہلی دھندلی تصویر 2008 میں سامنے آئی تھی، تاہم تصویر واضح نہ ہونے کے باعث اس وقت اس کی شناخت ممکن نہیں ہو سکی تھی۔
بعد ازاں ایک بین الاقوامی تحقیقی ٹیم نے دوبارہ اس جانور کی تلاش اور سائنسی مطالعہ شروع کیا۔ تحقیق کے دوران آڈیو ریکارڈنگ، فوٹوگرافی اور جینیاتی تجزیے سمیت مختلف سائنسی طریقوں سے اس بات کی تصدیق کی گئی کہ یہ بندر کی ایک نئی اور پہلے سے غیر معلوم نسل ہے۔
تحقیق میں فلوریڈا اٹلانٹک یونیورسٹی سے وابستہ ایک پی ایچ ڈی محقق نے اہم کردار ادا کیا۔ اس تحقیق کے نتائج معروف سائنسی جریدے PLOS One میں شائع کیے گئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق گزشتہ 75 برسوں میں افریقہ میں بندر کی دریافت ہونے والی یہ صرف پانچویں نئی نسل ہے، جو حیاتیاتی تنوع اور جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت سمجھی جا رہی ہے۔









