
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں جدید تعلیمی سہولیات کے فروغ کے لیے مریم نواز سینٹر آف اکیڈمک لیڈرشپ پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں ایچی سن معیار کے بوائز اور گرلز اسکول قائم کرنے کے منصوبے پر غور کیا گیا اور منظوری دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ لاہور کی وحدت روڈ پر طلبہ و طالبات کے لیے پہلا مریم نواز سینٹر آف اکیڈمک لیڈرشپ قائم کیا جائے گا۔ اس منصوبے میں جدید اسپورٹس ہال، ہاکی اور کرکٹ اسٹیڈیم، گھڑ سواری کی سہولت اور سوئمنگ پول سمیت دیگر جدید سہولیات شامل ہوں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سینٹر آف اکیڈمک لیڈرشپ میں پانچ ہزار طلبہ اور پانچ ہزار طالبات کے داخلے کی گنجائش ہوگی۔
دوسرے اجلاس میں صوبے کے ان علاقوں میں جہاں پینے کے صاف پانی کے مسائل ہیں، وہاں بوٹلنگ پلانٹس فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ابتدائی طور پر خوشاب، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور رحیم یار خان میں پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
حکومت پنجاب کے مطابق صوبے بھر میں دو ہزار سے زائد فلٹریشن پلانٹس بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو صاف پانی کی سہولت فراہم کی جا سکے۔









