
اسلام آباد: وفاقی حکومت میں کابینہ کی تشکیل نو سے متعلق مشاورت جاری ہے، جبکہ بعض وزارتوں میں تبدیلیوں اور کابینہ میں نئے ارکان کی شمولیت پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت مختلف وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لے رہی ہے، جس کے بعد چند وفاقی وزرا کے قلمدان تبدیل کیے جا سکتے ہیں اور بعض نئے چہروں کو کابینہ میں شامل کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
اطلاعات کے مطابق بلوچستان اور خیبرپختونخوا سے وفاقی کابینہ میں نمائندگی بڑھانے کے امکانات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں اتحادی جماعتوں سے مشاورت جاری ہے تاکہ کابینہ میں ان کی مؤثر نمائندگی یقینی بنائی جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو بھی مزید نمائندگی دینے کی تجاویز زیر غور ہیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق کابینہ میں ممکنہ ردوبدل سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا، جس کے بعد باضابطہ اعلان متوقع ہے۔









