یو این ایف پی اے کی رپورٹ، پاکستان میں نوجوانوں پر سرمایہ کاری ناگزیر قرار

0
31
یو این ایف پی اے کی رپورٹ، پاکستان میں نوجوانوں پر سرمایہ کاری ناگزیر قرار

اسلام آباد: عالمی یومِ آبادی کے موقع پر اقوام متحدہ کے ادارہ برائے آبادی (یو این ایف پی اے) نے پاکستان سے متعلق اپنی تازہ رپورٹ میں نوجوانوں کو قومی ترقی کا محور بنانے پر زور دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی آبادی تقریباً 25 کروڑ 72 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ ملک کی ایک تہائی آبادی کی عمر 10 سے 24 سال کے درمیان ہے۔ سروے میں شامل 76 فیصد نوجوانوں نے اپنے مستقبل کے بارے میں مثبت امید کا اظہار کیا، تاہم 53 فیصد نوجوان سیکیورٹی، معاشی مسائل اور عدم مساوات کو اپنی بڑی مشکلات قرار دیتے ہیں۔
رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ دیہی علاقوں، خصوصاً لڑکیوں کو انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل سہولیات تک محدود رسائی کے باعث تعلیم اور روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ اس کے علاوہ کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران یو این ایف پی اے کے نمائندے ڈاکٹر لوائے شبانے نے کہا کہ پاکستان کے پائیدار اور خوشحال مستقبل کے لیے نوجوانوں کی تعلیم، صحت، غذائیت اور مہارتوں کی ترقی میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق عالمی منڈیوں تک رسائی اور ہنر مند افرادی قوت کی تیاری سے آمدنی، بچت اور مجموعی معیارِزندگی میں بہتری لائیجا سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مساوی مواقع فراہم کرنا اور انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ دینا ہی ملک کی ترقی اور استحکام کی بنیاد بن سکتا ہے۔

Leave a reply