قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی انتقال کر گئے

دوحہ: قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
قطر کے امیری دیوان نے ایک بیان میں ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی۔
شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے 1995 سے 2013 تک قطر کے امیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ ان کے دورِ حکومت میں قطر نے اقتصادی ترقی، سفارتی سرگرمیوں اور عالمی سطح پر اپنے کردار کو نمایاں طور پر وسعت دی۔
سال 2013 میں انہوں نے اقتدار رضاکارانہ طور پر اپنے صاحبزادے، موجودہ امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، کے سپرد کر دیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے پاکستان اور قطر کے دوستانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ خطے میں امن اور تعاون کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔








