
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ایک ہفتے کے دوران پیٹرول پر عائد پیٹرولیم لیوی میں مجموعی طور پر 15 روپے 86 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا، جس کے بعد لیوی کی شرح 80 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 3 جولائی تک پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی 64 روپے 14 پیسے فی لیٹر تھی۔ بعد ازاں 4 جولائی سے اس میں 6 روپے 22 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جبکہ 11 جولائی سے مزید 9 روپے 64 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق اگر حالیہ اضافے نہ کیے جاتے تو موجودہ قیمت کے مقابلے میں پیٹرول تقریباً 15 روپے 86 پیسے فی لیٹر سستا ہوتا۔ اس صورت میں پیٹرول کی قیمت 310 روپے 71 پیسے فی لیٹر کے بجائے 294 روپے 85 پیسے فی لیٹر بنتی۔
حالیہ اضافوں کے بعد پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی 80 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے، جبکہ پیٹرول کی موجودہ سرکاری قیمت 310 روپے 71 پیسے فی لیٹر مقرر ہے۔








