کراچی کے شہری اعزاز کے مستحق، عائشہ عمر کا گلوبل لائیویبلٹی انڈیکس پر ردِعمل

0
0
کراچی کے شہری اعزاز کے مستحق، عائشہ عمر کا گلوبل لائیویبلٹی انڈیکس پر ردِعمل

پاکستان کی معروف اداکارہ اور میزبان عائشہ عمر نے کراچی کو دنیا کے کم رہائش پذیر شہروں میں شامل کیے جانے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس شہر کے باسی غیر معمولی حالات میں زندگی گزار رہے ہیں اور ان کی ثابت قدمی قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں گلوبل لائیویبلٹی انڈیکس 2026 کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کی درجہ بندی ان کے لیے حیران کن نہیں۔ ان کے مطابق شہر کے شہری روزانہ ٹوٹی سڑکوں، شدید ٹریفک، بجلی اور گیس کی قلت، آلودگی اور امن و امان کے مسائل جیسے چیلنجز کا سامنا کرتے ہیں، لیکن اس کے باوجود اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

عائشہ عمر نے کہا کہ ایسے حالات میں معمول کی زندگی برقرار رکھنا خود ایک بڑی کامیابی ہے اور کراچی کے شہری اپنی ہمت اور استقامت کے باعث داد کے مستحق ہیں۔

اداکارہ اس سے قبل بھی مختلف سماجی اور عوامی مسائل پر کھل کر اظہارِ خیال کرتی رہی ہیں۔ حالیہ عرصے میں انہوں نے خواتین کو آن لائن ہراسانی سے محفوظ بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کمپنیوں سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

اداکاری کے ساتھ سماجی سرگرمیوں میں بھی متحرک عائشہ عمر ایک فلاحی ادارے کے ساتھ بطور خیرسگالی سفیر منسلک ہیں، جہاں وہ محروم بچوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرتی ہیں۔ ان کی حالیہ فلم “میرا لیاری” بھی نوجوانوں کو درپیش سماجی مسائل، جرائم، غربت اور امید پر مبنی کہانی پیش کرتی ہے۔

Leave a reply