
کراچی: اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (AVCC) نے اداکار منیب بٹ سے متعلق اغوا اور ڈکیتی کے مقدمے کا عبوری چالان انسداد دہشتگردی کی عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔
پراسیکیوشن کے مطابق مقدمے میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ ملزمان نے 23 اپریل کو شاہراہ فیصل سے محمد متعال نامی شہری کو مبینہ طور پر اغوا کیا اور اس سے کرپٹو کرنسی سمیت دیگر سامان چھین لیا، جس کی مالیت تقریباً 24 لاکھ 94 ہزار روپے بتائی گئی۔ بعد ازاں مغوی کو کورنگی انڈسٹریل ایریا کے قریب چھوڑ دیا گیا۔
سات صفحات پر مشتمل عبوری چالان میں پولیس نے اداکار منیب بٹ کو مقدمے میں بے قصور قرار دیا ہے۔ تفتیش کے دوران ان پر ملزمان کو مری میں رہائش فراہم کرنے کا الزام ثابت نہیں ہو سکا۔
چالان میں پولیس اہلکار غالب کو مفرور قرار دیا گیا ہے، جبکہ شاہد ستار، محمد سلیم، علیم اور وزیر محمد کو گرفتار ملزمان کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ مقدمے میں منیب بٹ، محسن راجپر اور عبد الرحمن چانڈیو ضمانت پر ہیں۔








