
بالی ووڈ اداکارہ ملیکا شیراوت نے آنے والے ریئلٹی شو ’دی ٹریٹرز سیزن 2‘ میں گفتگو کے دوران ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز سے متعلق ایک دلچسپ دعویٰ کیا ہے۔
شو کے ایک سیگمنٹ میں جب ملیکا سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں کبھی کسی پر کرش ہوا یا عموماً لوگ ہی ان کے مداح رہے ہیں، تو اداکارہ نے کہا کہ موجودہ دور میں ٹام کروز انہیں پسند کرتے ہیں اور ان پر کرش رکھتے ہیں۔
ملیکا کا کہنا تھا کہ اگر اس وقت ان کے پاس فون موجود ہوتا تو وہ ٹام کروز کی جانب سے بھیجی گئی ویڈیوز بھی دکھا سکتی تھیں۔ مزید سوال پر انہوں نے بتایا کہ یہ ایسی ویڈیوز ہیں جو دونوں کی سابقہ ملاقاتوں اور پارٹیوں سے متعلق ہیں۔ اداکارہ نے ٹام کروز کو ایک بہترین انسان بھی قرار دیا۔
تاہم ٹام کروز یا ان کی نمائندہ ٹیم کی جانب سے ملیکا شیراوت کے اس دعوے کی تاحال کوئی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی، اس لیے فی الحال اسے اداکارہ کا ذاتی بیان ہی سمجھا جا رہا ہے۔
’دی ٹریٹرز سیزن 2‘ میں ملیکا شیراوت کے علاوہ منور فاروقی، شویتا تیواری، ریا چکرورتی، رنویر برار، کرسٹل ڈی سوزا، دلیپ تہل، پرول گلٹی، اکا اور ابھیشیک ملہان سمیت متعدد معروف شخصیات شریک ہیں۔
شو میں شریک شخصیات کو حکمت عملی، اتحاد اور ذہانت کے ذریعے ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی کوشش کرنا ہوگی۔ نئے سیزن کی آمد سے قبل ملیکا شیراوت کا ٹام کروز سے متعلق بیان بھی سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں توجہ حاصل کر رہا ہے۔









