
کراچی: عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی کے اثرات پاکستان کی مالیاتی منڈی پر بھی دیکھنے میں آئے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران سے متعلق جنگ بندی کے خاتمے کے اعلان کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نمایاں مندی ریکارڈ کی گئی۔
کاروباری سیشن کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 6,713 پوائنٹس کی کمی کے بعد 179,542 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا، جبکہ سرمایہ کاروں میں غیر یقینی صورتحال کے باعث فروخت کا رجحان بڑھ گیا۔
ادھر عالمی تیل مارکیٹ بھی اس پیش رفت سے متاثر ہوئی۔ برینٹ کروڈ آئل کی قیمت تقریباً 6 فیصد اضافے کے بعد 78.82 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 74.96 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔
ماہرین کے مطابق خطے میں کشیدگی بڑھنے کی صورت میں عالمی مالیاتی منڈیوں اور توانائی کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔









