15سالہ ویبھو سوریاونشی نے انٹرنیشنل کرکٹ میں کم عمری کے بھارتی ڈیبیو کا ریکارڈ قائم کردیا

0
16
15سالہ ویبھو سوریاونشی نے انٹرنیشنل کرکٹ میں کم عمری کے بھارتی ڈیبیو کا ریکارڈ قائم کردیا

بھارت کے نوجوان بیٹر ویبھو سوریاونشی نے انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کردی۔ وہ 15 سال اور 99 دن کی عمر میں بھارت کی نمائندگی کرنے والے کم عمر ترین انٹرنیشنل کرکٹر بن گئے۔

اس سے قبل یہ اعزاز سابق بھارتی اسٹار بیٹر سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا، جنہوں نے 1989 میں پاکستان کے خلاف 16 سال اور 205 دن کی عمر میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

عالمی سطح پر کم عمر ترین انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے والے کرکٹرز کی فہرست میں پاکستان کے حسن رضا بدستور پہلے نمبر پر ہیں، جنہوں نے 1996 میں 14 سال اور 227 دن کی عمر میں انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا تھا۔ اس فہرست میں ویبھو سوریاونشی دوسرے، بنگلہ دیش کے محمد شریف تیسرے، پاکستان کے مشتاق محمد چوتھے اور عاقب جاوید پانچویں نمبر پر ہیں، جبکہ سچن ٹنڈولکر اب چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔

اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں ویبھو سوریاونشی نے ابھیشک شرما کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔ انہوں نے 10 گیندوں پر 14 رنز بنائے، جس میں دو چھکے شامل تھے، جبکہ دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 50 رنز کی شراکت قائم کی۔

میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ جواب میں انگلینڈ نے ہدف 19 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے چار وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا مقابلہ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوا تھا، جبکہ تیسرے میچ کا انعقاد 7 جولائی کو نوٹنگھم میں ہوگا۔

Leave a reply