
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران تنخواہ دار افراد نے ایک بار پھر ملک میں سب سے زیادہ انکم ٹیکس ادا کیا۔ اس شعبے سے مجموعی طور پر 633 ارب روپے وصول کیے گئے، جو کئی دیگر بڑے معاشی شعبوں کے مجموعی ٹیکس سے بھی زیادہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق برآمدات سے وابستہ شعبے نے اسی مدت میں 174 ارب روپے انکم ٹیکس جمع کرایا، جبکہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے 191 ارب روپے حاصل ہوئے۔
ریٹیل سیکٹر کی جانب سے بھی ٹیکس کی ادائیگی جاری رہی، جہاں انکم ٹیکس آرڈیننس کی مختلف شقوں کے تحت مجموعی طور پر 70 ارب روپے سے زائد رقم وصول کی گئی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق گزشتہ مالی سال میں مجموعی ٹیکس وصولی 13 ہزار 10 ارب روپے رہی، جو ملکی محصولات میں نمایاں اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
دوسری جانب آئندہ مالی سال 2026-27 کے لیے حکومت نے ٹیکس وصولی کا ہدف 15 ہزار 264 ارب روپے مقرر کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس ہدف کے حصول کے لیے ٹیکس نیٹ کو مزید وسیع کرنے اور مختلف شعبوں سے وصولی بہتر بنانے کی حکمت عملی پر کام جاری ہے۔









