لاہور سمیت پنجاب میں پیٹرول کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ

0
0
لاہور سمیت پنجاب میں پیٹرول کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ

لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں، خصوصاً لاہور میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پیٹرول پمپ ذرائع کے مطابق مختلف آئل ڈپوز پر متعلقہ اداروں کی جانب سے اسٹاک کی جانچ پڑتال کے باعث آئل ٹینکرز کی روانگی میں تاخیر ہوئی، جس سے متعدد پیٹرول پمپس کو معمول کے مطابق سپلائی نہیں مل سکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کے کئی پیٹرول پمپس پر صرف ایک روز کے لیے پیٹرول کا ذخیرہ موجود ہے، جبکہ اگر سپلائی بحال نہ ہوئی تو آئندہ دنوں میں دستیابی متاثر ہو سکتی ہے۔

اطلاعات کے مطابق محمود کوٹ اور گھٹی آئل ڈپوز سے معمول کے برعکس آج آئل ٹینکرز روانہ نہیں ہوئے، حالانکہ روزانہ ان ڈپوز سے بڑی تعداد میں ٹینکرز مختلف شہروں اور پیٹرول پمپس کو سپلائی فراہم کرتے ہیں۔

پیٹرول پمپ ذرائع کے مطابق بعض پمپ مالکان نے پیٹرول کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کے پیشِ نظر بھی معمول سے کم مقدار میں اسٹاک منگوایا، جس سے موجودہ صورتحال مزید نمایاں ہو گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر سپلائی کا سلسلہ جلد معمول پر نہ آیا تو لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں پیٹرول کی دستیابی متاثر ہونے کا امکان ہے۔ تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

Leave a reply