
امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور امریکی فٹ بال اسٹار ٹریوس کیلس کی شادی کی تقریبات کے آغاز کی خبریں سامنے آئی ہیں، تاہم دونوں شخصیات کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک کے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں جمعرات کو ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جسے ریہرسل ڈنر قرار دیا جا رہا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ شادی کی مرکزی تقریب جمعہ کو منعقد ہونے کا امکان ہے، تاہم منتظمین نے تقریب کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔
رپورٹس کے مطابق شادی کی مرکزی تقریب میں مہمانوں کے لیے پہلے استقبالیہ مشروبات (کاک ٹیل آور) کا اہتمام کیا جائے گا، جس کے بعد نکاح یا شادی کی رسمی تقریب اور پھر ریسپشن منعقد ہوگی۔
تقریب کے مقام پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہال کے اطراف سخت نگرانی، شناختی جانچ، پردوں اور دیگر حفاظتی اقدامات کے ذریعے اندرونی سرگرمیوں کو نجی رکھا گیا ہے۔ مہمانوں کی آمدورفت بھی محدود رسائی کے ساتھ جاری ہے، جس کے باعث تقریب کی تصاویر یا ویڈیوز منظرعام پر نہیں آ سکیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ تقریب سے قبل مقام پر سجاوٹ اور کیٹرنگ کا سامان بھی پہنچایا گیا، جبکہ جمعرات کی شام عمارت کو ہلکے جامنی (لائلک) رنگ کی روشنیوں سے سجایا گیا۔ بعض مداحوں نے اسے ٹیلر سوئفٹ کے پسندیدہ رنگ سے جوڑا، تاہم اس بارے میں کوئی سرکاری تصدیق موجود نہیں۔
میڈیا نمائندوں کے مطابق تقریب کے باہر مداحوں اور صحافیوں کی بڑی تعداد موجود رہی، لیکن سخت حفاظتی انتظامات کے باعث تقریب کی اندرونی سرگرمیوں تک رسائی ممکن نہیں ہو سکی۔
اب تک ٹیلر سوئفٹ یا ٹریوس کیلس کی جانب سے شادی کی تقریبات کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان یا تصاویر جاری نہیں کی گئی ہیں، جبکہ مداح مزید تفصیلات اور سرکاری تصدیق کے منتظر ہیں۔









