میسی نے ورلڈ کپ تاریخ میں سب سے زیادہ گولز کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا

0
26
میسی نے ورلڈ کپ تاریخ میں سب سے زیادہ گولز کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا

ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے فیفا مینز ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ آسٹریا کے خلاف میچ میں گول اسکور کرکے انہوں نے ورلڈ کپ میں اپنے مجموعی گولز کی تعداد 17 تک پہنچا دی، جس کے ساتھ ہی انہوں نے جرمنی کے سابق اسٹرائیکر میروسلاف کلوزے کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔

گروپ مرحلے کے ایک اہم مقابلے میں میسی نے 39ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ اگرچہ میچ کے آغاز میں وہ پنالٹی سے فائدہ اٹھانے میں کامیاب نہ ہو سکے، تاہم بعد میں کیے گئے گول نے انہیں ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے کامیاب گول اسکورر بنا دیا۔

اس سے چند روز قبل الجزائر کے خلاف میچ میں ہیٹ ٹرک مکمل کرکے میسی نے کلوزے کے 16 گولز کے ریکارڈ کی برابری کی تھی۔ یہ ان کے بین الاقوامی کیریئر کی 11ویں جبکہ ورلڈ کپ مقابلوں میں پہلی ہیٹ ٹرک تھی۔

ریکارڈ کی برابری کے موقع پر میسی نے کہا تھا کہ میروسلاف کلوزے اور رونالڈو نازاریو جیسے عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ اپنا نام شامل ہونا ان کے لیے باعثِ فخر ہے، تاہم وہ انفرادی اعداد و شمار کے بجائے ٹیم کی کامیابی کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے فرانسیسی اسٹار کیلین ایمباپے کو بھی مستقبل میں اس دوڑ کا مضبوط امیدوار قرار دیا تھا۔

لیونل میسی نے اپنا پہلا ورلڈ کپ گول 2006 میں سربیا اور مونٹی نیگرو کے خلاف کیا تھا۔ دو دہائیوں بعد وہ نہ صرف ورلڈ کپ تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹبالر بن گئے ہیں بلکہ چھ مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں شرکت کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی ہیں۔

اس گول کے بعد ارجنٹائن کے لیے میسی کے بین الاقوامی گولز کی تعداد 120 ہو گئی، جبکہ بین الاقوامی فٹبال میں سب سے زیادہ گول کرنے والوں کی فہرست میں ان سے آگے صرف کرسٹیانو رونالڈو موجود ہیں۔

Leave a reply