
گلگت بلتستان اسمبلی کے پہلے اجلاس میں نو منتخب ارکان نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا جبکہ ایوان کی نئی قیادت کا انتخاب بھی مکمل کر لیا گیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے عمران ندیم اسپیکر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ملک کفایت الرحمان ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے۔
اسمبلی کا اجلاس سبکدوش ہونے والے اسپیکر نذیر ایڈووکیٹ کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں 33 میں سے 30 ارکان نے حلف لیا۔ حلف برداری کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا عمل انجام پایا، جہاں دونوں امیدوار بلا مقابلہ کامیاب قرار پائے۔
انتخاب کے بعد عمران ندیم اور ملک کفایت الرحمان نے اپنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ اس موقع پر نذیر ایڈووکیٹ نے نئے اسپیکر کو منصب کا چارج بھی منتقل کیا۔
اجلاس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ اور نیئر بخاری بھی مہمانوں کی گیلری میں موجود رہے۔
ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کے امجد حسین ایڈووکیٹ کو قائد ایوان منتخب کر لیا گیا ہے۔ ان کا تعلق گلگت بلتستان کے حلقہ نمبر ایک سے ہے اور وہ ماضی میں گلگت بلتستان کونسل کے رکن کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اپوزیشن کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے حافظ حفیظ الرحمان کو بلا مقابلہ قائد حزب اختلاف منتخب کیا گیا، جس کے ساتھ ہی اسمبلی میں حکومتی اور اپوزیشن قیادت کی تشکیل کا عمل مکمل ہوگیا۔
سیاسی صورتحال کے تناظر میں استحکام پاکستان پارٹی نے بھی گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان رابطوں کے بعد حکومت سازی میں تعاون پر اتفاق کیا گیا، جس سے پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پوزیشن مزید مستحکم ہوئی ہے۔









