فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اون گولز کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ

0
35
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اون گولز کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ابتدائی مرحلے میں اپنی ہی ٹیم کے خلاف گول کرنے کے واقعات، جنہیں فٹبال کی اصطلاح میں “اون گول” کہا جاتا ہے، غیر معمولی حد تک بڑھ گئے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے پہلے دس دنوں میں سات اون گولز ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جو عالمی کپ کی تاریخ میں کسی ایک ایڈیشن کے آغاز میں ایک نمایاں تعداد سمجھی جا رہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 12 اون گولز 2018 کے ٹورنامنٹ میں ہوئے تھے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ چونکہ 2026 کا عالمی کپ 48 ٹیموں اور 104 میچوں پر مشتمل ہے، اس لیے موجودہ رجحان برقرار رہا تو یہ ریکارڈ بھی ٹوٹ سکتا ہے۔

اون گولز کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب پیراگوئے کے ڈیامیان بوبادیلا نے امریکا کے خلاف میچ کے ابتدائی منٹوں میں اپنی ہی ٹیم کے خلاف گول کر دیا۔ بعد ازاں آسٹریلیا کے کیمرون برگیس نے بھی امریکا کے خلاف اون گول کیا، جس سے امریکی ٹیم کو فائدہ پہنچا۔

اسی طرح سوئٹزرلینڈ کے میرو موہائم نے قطر کے خلاف میچ میں اضافی وقت کے دوران اپنی ہی ٹیم کے خلاف گیند جال میں پہنچا دی، جس کے نتیجے میں قطر کو میچ برابر کرنے کا موقع ملا۔ دوسری جانب قطر کے محمد منائی نے کینیڈا کے خلاف میچ میں اون گول کیا، جہاں ان کی ٹیم کو بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

رواں ٹورنامنٹ میں مصر کے محمد ہانی، عراق کے ایمن حسین اور اردن کے یزن العرب بھی اون گول کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ ایمن حسین کی خاص بات یہ رہی کہ انہوں نے اسی میچ میں اپنی ٹیم کے لیے بھی گول کیا، یوں وہ ورلڈ کپ کی تاریخ کے ان چند کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے جنہوں نے ایک ہی میچ میں دونوں جانب گول اسکور کیے۔

ورلڈ کپ کی مجموعی تاریخ میں اب تک 61 اون گولز ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جن میں سے تقریباً 12 فیصد صرف موجودہ ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں سامنے آئے ہیں۔

تاریخی ریکارڈ کے مطابق عالمی کپ کا پہلا اون گول 1930 کے پہلے ورلڈ کپ میں میکسیکو کے نوجوان کھلاڑی مینوئل روزاس نے کیا تھا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ ورلڈ کپ کے پانچ ایڈیشن ایسے بھی گزرے ہیں جن میں ایک بھی اون گول نہیں ہوا، جبکہ آخری مرتبہ یہ صورتحال 1990 کے ٹورنامنٹ میں دیکھی گئی تھی۔

امریکی ٹیم کو اس عالمی کپ میں اب تک دو اون گولز کا فائدہ مل چکا ہے، جو کسی ایک ٹیم کے حق میں ایک ہی ورلڈ کپ میں حاصل ہونے والے اون گولز کے مشترکہ ریکارڈ کے برابر ہے۔ ماضی میں فرانس کو بھی 2014 اور 2018 کے ورلڈ کپ میں دو، دو مرتبہ یہی فائدہ ملا تھا۔

مجموعی ریکارڈ پر نظر ڈالیں تو میکسیکو وہ ٹیم ہے جس کے کھلاڑیوں نے تاریخ میں سب سے زیادہ چار اون گولز کیے ہیں، جبکہ فرانس وہ ٹیم ہے جسے مخالف ٹیموں کے اون گولز سے سب سے زیادہ فائدہ حاصل ہوا ہے۔

Leave a reply