
فیس بک کی جانب سے پاکستان سمیت مختلف ممالک میں کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے مونیٹائزیشن کے نظام میں کچھ نئی تبدیلیاں متعارف کروائی گئی ہیں، جن کے بعد کم فالوورز رکھنے والے صارفین کے لیے بھی آمدن حاصل کرنے کے مواقع بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نئی پالیسی کے مطابق اب بعض پیجز اور پروفائلز کو کم وقت میں زیادہ ویوز حاصل کرنے کی بنیاد پر مونیٹائزیشن ٹولز تک رسائی دی جا سکتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اگر کوئی صارف اپنے فیس بک پیج پر 28 دن کے اندر تقریباً 3 لاکھ ویوز حاصل کر لیتا ہے تو اسے کانٹینٹ مونیٹائزیشن فیچرز استعمال کرنے کا موقع مل سکتا ہے، جس کے ذریعے ویڈیوز، ریلز اور دیگر مواد سے آمدن حاصل کی جا سکتی ہے۔
اس سے قبل فیس بک پر کمائی کے لیے نسبتاً سخت شرائط رکھی گئی تھیں، جن میں فالوورز کی کم از کم تعداد، واچ ٹائم اور ویڈیوز کی مخصوص تعداد شامل تھی۔ ان شرائط کے باعث نئے کریئیٹرز کے لیے مونیٹائزیشن حاصل کرنا مشکل سمجھا جاتا تھا۔
ماہرین کے مطابق نئی تبدیلیوں سے نئے اور ابھرتے ہوئے کانٹینٹ کریئیٹرز کو فائدہ پہنچ سکتا ہے اور آمدن کے مواقع میں اضافہ ہو سکتا ہے، تاہم فیس بک کی پالیسیوں اور قواعد پر عمل کرنا اب بھی لازمی ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق یہ نیا نظام ابھی مکمل طور پر تمام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوا اور محدود اکاؤنٹس پر اسے آزمائشی طور پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔








