
بھارتی ٹیلی وژن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ سنچیتا اوگلے 30 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وہ 14 جون کی شام ممبئی کے نواحی علاقے نالاسوپارا میں واقع اپنی رہائش گاہ پر مردہ حالت میں پائی گئیں۔
رپورٹس کے مطابق سنچیتا اپنے والدین اور بہن کے ساتھ رہائش پذیر تھیں۔ واقعے کے وقت وہ اپنے کمرے میں موجود تھیں، جبکہ کمرہ اندر سے بند تھا۔ اہل خانہ نے انکوفوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں نے معائنے کےبعد انکے انتقال کی تصدیق کردی۔
اداکارہ کے انتقال کی خبر اس لیے بھی توجہ کا مرکز بنی کہ انہوں نے چند گھنٹے قبل ہی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں وہ ایک فلمی گانے پر پرفارم کرتی نظر آ رہی تھیں۔
سنچیتا اوگلے نے بھارتی ڈراموں “کم کم بھاگیہ” اور “واگلے کی دنیا: نئی پیڑی نئے قصے” میں اپنی اداکاری کے ذریعے شہرت حاصل کی۔ انہوں نے ان ڈراموں میں بالترتیب دیا ٹنڈن اور روچیتا جیتلی کے کردار ادا کیے تھے۔
ٹیلی وژن کے علاوہ وہ فلمی منصوبوں میں بھی کام کر چکی تھیں اور تاریخی کرداروں کی عکاسی کے باعث ناظرین میں مقبول تھیں۔
ان کے انتقال پر شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات اور مداحوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اداکار سوربھ بیدی سمیت کئی فنکاروں نے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات شیئر کیے۔
تاحال سنچیتا اوگلے کے انتقال کی وجہ کے بارے میں کوئی سرکاری یا حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق متعلقہ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، جبکہ اصل حقائق سامنے آنے تک غیر مصدقہ اطلاعات سے گریز کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔









