موٹروے ایم-5 پر عارضی بندش، متبادل راستہ استعمال کرنے کی ہدایت

0
25
موٹروے ایم-5 پر عارضی بندش، متبادل راستہ استعمال کرنے کی ہدایت

میپکو کی جانب سے بجلی کی ترسیلی لائنوں اور ہائی ٹرانسمیشن ٹاورز کی بحالی کے کام کے باعث موٹروے ایم-5 پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگی۔
ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق 15 اور 16 جون کو ایم-5 کا اقبال آباد سے گڈو تک کا حصہ عارضی طور پر بند رکھا جائے گا۔ اس دوران صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک گڈو اور اقبال آباد انٹرچینجز پر ٹریفک کی آمد و رفت مکمل طور پر معطل رہے گی۔
متبادل ٹریفک پلان کے تحت ملتان سے سکھر جانے والی گاڑیوں کو اقبال آباد انٹرچینج سے قومی شاہراہ (N-5) کی طرف موڑ دیا جائے گا، جبکہ سکھر سے ملتان آنے والی ٹریفک کو گڈو انٹرچینج کے ذریعے N-5 پر منتقل کیا جائے گا۔ اس دوران روہڑی ٹول پلازہ سے ہیوی ٹریفک کو موٹروے میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکام کے مطابق متبادل راستے سے سفر کا فاصلہ تقریباً 148 کلومیٹر بڑھ جائے گا، جس کے باعث ہلکی گاڑیوں کے لیے تقریباً 2 گھنٹے اور بھاری ٹریفک کے لیے تقریباً 3 گھنٹے اضافی وقت درکار ہوگا۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے پہلے اضافی وقت مدنظر رکھیں اور ممکن ہو تو روانگی سے قبل ٹریفک صورتحال سے آگاہی حاصل کریں۔
موٹروے پولیس نے مسافروں کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے خصوصی ٹریفک مینجمنٹ پلان نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کسی بھی رہنمائی یا معلومات کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

Leave a reply