
پنجاب پولیس نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انسانی خدمت کے میدان میں بھی اپنی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ عالمی یومِ خون عطیہ کے موقع پر کمیونٹی پولیسنگ کے تحت بلڈ ڈونیشن سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے پر زور دیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ خون کا عطیہ دینا ایک عظیم انسانی خدمت ہے، اور ایسے تمام اہلکاروں اور شہریوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے جو اس کارِ خیر میں حصہ لیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا جیسے امراض میں مبتلا بچوں کی زندگی بچانے کے لیے محکمہ صحت اور فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکار باقاعدگی سے خون کے عطیات دیتے ہیں تاکہ ضرورت مند مریضوں کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔ اس سلسلے کو مزید منظم بنانے کے لیے مختلف یونٹس اور فیلڈ فارمیشنز میں بلڈ ڈونیشن کیمپس کے انعقاد کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایت پر ملک کا پہلا ورچوئل بلڈ بینک قائم کیا گیا ہے، جس کے ذریعے ایمرجنسی کی صورت میں خون کی فراہمی کو تیز اور آسان بنایا گیا ہے۔ شہری ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے اور مخصوص آپشن منتخب کرکے بلڈ بینک سروس سے فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔
اس نظام کے تحت کال موصول ہونے پر متعلقہ افسر مریض کی معلومات اور بلڈ گروپ کی تفصیل حاصل کرتا ہے اور ضرورت کے مطابق خون کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔








