وفاقی بجٹ 2026-27: سرکاری ملازمین، مسلح افواج اور پنشنرز کے لیے نئے ریلیف اقدامات کا اعلان

0
34
وفاقی بجٹ 2026-27: سرکاری ملازمین، مسلح افواج اور پنشنرز کے لیے نئے ریلیف اقدامات کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں وفاقی سرکاری ملازمین، مسلح افواج کے اہلکاروں اور پنشنرز کے لیے مختلف مالی مراعات اور الاؤنسز میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق 2022 میں دیا گیا 15 فیصد اور 2025 میں دیا گیا 10 فیصد ایڈہاک ریلیف بنیادی تنخواہ میں ضم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تمام وفاقی ملازمین کو رننگ بیسک پے پر 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس فراہم کیا جائے گا۔

گریڈ 1 سے 22 تک کے ملازمین کو ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس 2026 بنیادی تنخواہ کے 15 فیصد کے برابر دیا جائے گا۔ کنوینس الاؤنس میں بھی موجودہ شرح کے مقابلے میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

سول آرمڈ فورسز کے کانسٹنٹ اٹینڈنٹ الاؤنس کو 7 ہزار روپے سے بڑھا کر 30 ہزار روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح کابینہ ڈویژن کے افسران اور عملے کی اسپیشل پے 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 20 ہزار روپے ماہانہ مقرر کی گئی ہے۔

نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے گریڈ 1 سے 22 تک کے ملازمین کے اسپیشل الاؤنس میں بھی نمایاں اضافہ کرتے ہوئے اسے 10 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کر دیا گیا ہے۔

مزید برآں اسپیشل کنوینس الاؤنس 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے، جبکہ تمام پنشنرز کی بنیادی پنشن میں 7 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔

حکومت کے مطابق یہ تمام مالی مراعات اور نظرثانی شدہ الاؤنسز یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوں گے۔

Leave a reply